CM Siddaramaiah Salutes Indian Army’s Precision Strikeپاکستان کے خلاف فوجی کارروائی، وزیر اعلیٰ کا خیرمقدم
byAdministrator-0
دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن قدم
آپریشن سندور پر وزیر اعلیٰ سدارامیا کا فوج کو سلام
بنگلور ۔ 7 مئی (حقیقت ٹائمز)
وزیر اعلیٰ سدارامیا نے "آپریشن سندور" کے تحت فوج کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر (پی او کے) میں واقع دہشت گردوں کے کیمپوں پر کی گئی کارروائی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوۓ کہا کہ یہ پاکستان کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حملہ ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایک ناگزیر قدم تھا، جسے پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے نہایت بہادری اور حکمت عملی سے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً نو دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف دہشت گردوں کے کیمپوں پر حملہ کیا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی بے گناہ شہری کو نقصان نہ پہنچے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ "ہماری بہادر فوج نے پہلگام میں 26 معصوم شہریوں کی جان لینے والے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔ ان دہشت گردوں کو تحفظ دینے والا پاکستان، براہ راست اس بربریت کا ذمہ دار ہے۔"انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کوئی سنجیدہ قدم نہ اٹھایا جانا اور مسلسل ان کی پشت پناہی کرنا ہندوستان کو ایسے فیصلوں کی طرف مجبور کرتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ کارروائی صرف دہشت گردوں کے لیے ہی نہیں، بلکہ ان تمام عناصر کے لیے ایک سخت پیغام ہے جو ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ ریاستی حکومت نے سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اضلاع میں سخت حفاظتی اقدامات اختیار کیے ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کریں۔ریاست میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے "سمویدھان بچاؤ" تحریک کے تحت آج رائچور میں ہونے والا احتجاجی مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ وقت ہے کہ ملک کے عوام اتحاد، ہوشیاری اور صبر کا مظاہرہ کریں۔ ہماری حکومت مرکز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ریاست کے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔سدارامیا نے فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف بہادری کا مظاہرہ کیا بلکہ عالمی سطح پر بھارت کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ ہم اس تاریخی کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہیں اور فوج کی شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment