Eid in Tumkur,HM visits Eidgah

صرف اپنی خوشیوں کا نہیں، دوسروں کے دکھوں کا احساس بھی ضروری 

ٹمکور میں نماز عید الفطر کے بعد مفتی عارف قاسمی کا خطاب 

رحمت نگر میں وقف ترمیمی بل کے خلاف علامتی احتجاج


رحمت نگر عید گاہ میں وقف ترمیمی بل کے خلاف علامتی احتجاج کا منظر

ٹمکور، 31 مارچ (حقیقت ٹائمز) 

 عیدالفطر جہاں خوشیوں، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا پیغام لے کر آتی ہے، وہیں امسال ٹمکور میں عید کے اجتماعات میں سماجی مسائل پر بھی خاص توجہ دی گئی۔ شہر کے مختلف عیدگاہوں میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے عید کی نماز ادا کی اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں، خاص طور پر فلسطین کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔شہر ٹمکور کے کنیگل گیٹ عیدگاہ میدان میں منعقدہ مرکزی اجتماع میں جامع مسجد ٹمکور کے خطیب و امام مفتی عارف قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید محض اپنی خوشیوں تک محدود رکھنے کا نام نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد غریب و نادار طبقے کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، "رمضان المبارک کی برکات کے بعد عید کی صورت میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو انعام سے نوازتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہماری ذمہ داری بھی ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں کا خیال رکھیں۔"انہوں نے امتِ مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ سماج کے بے سہارا افراد، یتیم بچوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ ہمیں نہ صرف دنیاوی تعلیم بلکہ دینی تعلیم کے فروغ پر بھی توجہ دینی ہوگی تاکہ ہماری نئی نسل گمراہی سے بچ سکے۔"عید کے موقع پر فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ ملک و ملت کی ترقی اور امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھی دعا کی گئی۔ اس موقع پر کرناٹک کے وزیر داخلہ اور ضلع نگران کار وزیر ڈاکٹر جی پرمیشور، ڈپٹی کمشنر شبھا کلیان، سپرنٹنڈنٹ پولیس کے وی اشوک اور دیگر سرکاری عہدیدار بھی عیدگاہ پہنچے اور برادرانِ ملت کو عید کی مبارکباد پیش کی۔اس دوران سابق اراکینِ اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد، شفیع احمد، کانگریس لیڈر اقبال احمد، سلطان محمود اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ٹمکور میں کنیگل گیٹ عیدگاہ کے علاوہ رحمت نگر عیدگاہ، لال عیدگاہ، مساجد اور دیگر مقامات پر بھی ہزاروں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی۔




ریاست کے مختلف شہروں میں بھی عیدالفطر کا شاندار اہتمام کیا گیا۔ عید کے اس موقع پر بعض مقامات پر مرکزی حکومت کے مجوزہ وقف ترمیمی بل کے خلاف علامتی احتجاج بھی کیا گیا۔ عیدگاہ میں شریک کئی مسلمانوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر اس قانون کے خلاف خاموش احتجاج درج کرایا، جو وقف املاک سے متعلق اہم تبدیلیاں تجویز کرتا ہے اور مسلم برادری میں تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔

ریاست کے دیگر شہروں میں بھی عیدالفطر پورے تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی، اور اکثر مقامات پر فلسطین کے حق میں اور امتِ مسلمہ کی بہتری کے لیے دعائیں کی گئیں۔


Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments