CBI Busts Global Cyber Racket in Digital Arrest Scam; 4 Key Accused Held سی بی آئی کی بڑی کارروائی، ڈیجیٹل گرفتاریوں کا عالمی ریکیٹ بے نقاب
byAdministrator-0
سی بی آئی کی بڑی کارروائی: ڈیجیٹل گرفتاریوں کے بین الاقوامی سائبر ریکیٹ کا پردہ فاش
ممبئی اور مرادآباد سے چار مرکزی ملزم گرفتار
نئی دہلی: 15 اپریل (حقیقت ٹائمز)
سنٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) نے ڈیجیٹل گرفتاریوں سے متعلق بین الاقوامی سطح پر سرگرم منظم سائبر جرائم کے ایک اہم نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے "آپریشن چکر-V" کے تحت چار اہم ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ملک بھر میں بارہ مقامات پر کی گئی تلاشی کارروائیوں کے بعد عمل میں آئیں، جن میں دو ملزم ممبئی اور دو مرادآباد سے تعلق رکھتے ہیں۔سی بی آئی نے حالیہ مہینوں میں "ڈیجیٹل گرفتاریوں" سے جُڑے متعدد معاملات درج کیے ہیں، جن میں ملزمین قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جعلی اہلکار بن کر شہریوں کو ہراساں کرتے ہیں اور ان سے بڑی رقومات بٹور لیتے ہیں۔ اس تناظر میں سی بی آئی نے راجستھان حکومت کی درخواست پر جھنجھنو کے سائبر پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمہ اپنے ہاتھ میں لیا، جس میں متاثرہ شہری کو تین ماہ سے زائد عرصے تک مجازی طور پر قید رکھا گیا۔ اس دوران سائبر مجرموں نے 42 مختلف مواقع پر متاثرہ سے مجموعی طور پر 7 کروڑ 67 لاکھ روپے بٹور لیے۔سی بی آئی نے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے شواہد جمع کیے، ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور مجرموں کی شناخت و پروفائلنگ کی۔ اس کے بعد مرادآباد، سنبھل، ممبئی، جے پور اور مغربی بنگال کے کرشن نگر میں بیک وقت چھاپے مارے گئے، جہاں سے بڑی مقدار میں قابلِ ذکر مواد برآمد ہوا، جن میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، ڈیبٹ کارڈز، چیک بُک، جمع کی گئی رقم کی سلپس اور ڈیجیٹل ڈیوائسز شامل ہیں۔گرفتار ملزمان کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں پانچ روزہ پولیس تحویل میں دیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے واضح کیا ہے کہ یہ گروہ منظم اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم تھا، اور ان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔بتایا جاتاہے کہ سی بی آئی ڈیجیٹل گرفتاریوں جیسے خطرناک اور ابھرتے ہوئے سائبر جرائم کے خلاف سنجیدہ ہے، اور اس کے لیے انفراسٹرکچر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے تک لانے کی مستقل کوششیں جاری رہیں گی۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment