CM Siddaramaiah Slams Right-Wing Politics on Ambedkar Jayanti امبیڈکر جینتی پر سدارامیا کا منووادھی سیاست پر سخت حملہ
byAdministrator-0
بابا صاحب امبیڈکر کی جدوجہد کے وارث ہم ہیں، منافق منووادھی نہیں ۔سدارامیا
"میں ہندو پیدا ہوا، مگر ہندو کی حیثیت سے نہیں مروں گا" — بابا صاحب کے اس پیغام کو آج کے منووادھی بھول گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ کا طنز
بنگلور 14 اپریل (حقیقت ٹائمز)
امبیڈکر جینتی کے موقع پر ودھان سودھا کے علاوہ مختلف مقامات پر منعقدہ مختلف تقاریب میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے اپنی تقریر کے آغاز ہی میں نہایت دوٹوک اور مدلل انداز میں بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی شخصیت، جدوجہد، افکار اور اُن کے خلاف پھیلائے جا رہے موجودہ منووادھی پروپیگنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج جو طاقتیں بابا صاحب کو اپنا بتانے کی کوشش کر رہی ہیں، وہی طاقتیں اُس وقت ان کے آئینی نظریات اور برابری کے اصولوں کی سب سے بڑی مخالف تھیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امبیڈکر نے خود اپنی زندگی میں ساورکر اور کمیونسٹ رہنما ایس اے ڈانگے کو اُن کی شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا، مگر آج وہی گروہ کانگریس پر الزامات کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی جے پی اور اُس کی نظریاتی تنظیموں نے نہ صرف امبیڈکر کے آئین کی مخالفت کی، بلکہ اس کے نفاذ کے فوری بعد “دی آرگنائزر” میگزین میں ایک اداریہ لکھ کر یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ بھارت کو مغربی آئینی ماڈل سے نہیں، بلکہ قدیم دھرم شاستروں سے چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس نظریے نے بابا صاحب کے وجود کو کبھی قبول نہیں کیا، آج وہی لوگ اُن کے مجسمے کے سائے میں تصویریں کھنچوا کر اپنی جھوٹی عقیدت ظاہر کر رہے ہیں۔سدارامیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ بابا صاحب نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ جب تک ذات پات کا نظام رہے گا، برابری اور آزادی ممکن نہیں۔ اگر امبیڈکر نہ ہوتے تو پسماندہ طبقات کو تعلیم تک رسائی حاصل نہ ہوتی۔ آج جن تعلیم یافتہ افراد کے اندر بھی ذات پات کا زہر موجود ہے، وہ خود تعلیم کے مقصد کو شرمندہ کر رہے ہیں۔ تعلیم انسان کو انسانیت سکھاتی ہے، شدت پسندی نہیں۔ جو لوگ تعلیم کے باوجود انسانوں کو ذاتوں میں بانٹتے ہیں، وہ بابا صاحب کی تعلیمات کے غدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت نے سبھی مذاہب اور طبقات کے غریبوں کے لیے فلاحی اسکیمیں شروع کی ہیں، جن سے کروڑوں لوگوں کو فائدہ ہوا ہے۔ یہ کہنا کہ کانگریس صرف مسلمانوں کی خوشنودی حاصل کر رہی ہے، سراسر جھوٹ اور سیاسی چالاکی ہے۔ ہماری اسکیمیں کسی ایک مذہب کے لیے نہیں بلکہ ہر اُس شخص کے لیے ہیں جو معاشی طور پر پسماندہ ہے، چاہے وہ ہندو ہو، مسلمان ہو، عیسائی ہو یا دیگر مذاہب سے تعلق رکھتا ہو۔سدارامیا نے بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی حکومت نے دلت، آدیواسی اور دیگر پسماندہ طبقات کے لیے مختص 8300 کروڑ روپے کا غلط استعمال کیا، اور اب عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت نے بابا صاحب کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے گارنٹی اسکیمیں نافذ کی ہیں، تاکہ عام انسان کی قوتِ خرید میں اضافہ ہو اور وہ معاشی خودمختاری حاصل کر سکے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کئی نئے اقدامات کا اعلان بھی کیا جن میں 32 اضلاع میں 33 نئے پولیس تھانوں کا افتتاح، ہر تعلقہ میں دلت طلبہ کے لیے رہائشی اسکول کا قیام، میسور یونیورسٹی میں امبیڈکر چیئر کا آغاز اور بنگلور میں بابا صاحب کے ایک عظیم مجسمے کی تنصیب شامل ہے جو آندھراپردیش کے ماڈل سے بھی بڑا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم صرف یادگاریں نہیں بناتے بلکہ بابا صاحب کے نظریات کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر بار بار کانگریس کو نشانہ بناتے ہیں کہ نہرو جی نے امبیڈکر کے خلاف سازش کی، جبکہ تاریخی سچائی یہ ہے کہ اگر نہرو جی امبیڈکر کے مخالف ہوتے تو انہیں آئین ساز کمیٹی کا صدر منتخب نہ کرتے، اور نہ ہی ہندو کوڈ بل کو پارلیمان میں پیش کرنے دیتے۔ نہرو نے ہر موقع پر امبیڈکر کی حمایت کی، جبکہ آر ایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیمیں ہر موقع پر ان کی مخالفت میں کھڑی رہیں۔سدارامیا نے اپنی تقریر کے اختتام پر ذات پر مبنی مردم شماری پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ 17 اپریل کو کابینہ اجلاس میں اس پر تفصیلی غور ہوگا اور اس کے بعد حکومت اس پر اپنے موقف کا باضابطہ اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پسماندہ طبقات کو ان کا جائز حق دینے کے لیے پُرعزم ہے اور ہم کسی بھی منووادھی دباؤ کے آگے جھکنے والے نہیں۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment