Dharwad Rises Against Waqf Amendment دھارواڑ میں وقف ترمیم کے خلاف زبردست احتجاج

دھارواڑ میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف زبردست احتجاج، ہزاروں افراد کی شرکت

دھارواڑ، 11 اپریل (شکیل ملا)

مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف دھارواڑ میں عظیم الشان اور پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا، جس میں 10 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ یہ احتجاج دھارواڑ انجمن اسلام کے صدر اسماعیل تمٹاکر کی قیادت میں کیا گیا، جو اپنے نظم و ضبط اور عوامی شمولیت کے لحاظ سے غیرمعمولی رہا۔احتجاجی جلوس انجمن کالج سے شروع ہوا اور ضلعی کلکٹر کے دفتر تک پُرامن طور پر پہنچا، جہاں مظاہرین نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ترمیمی قانون کو مسلمانوں کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش قرار دیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اللہ کے نام پر وقف کی گئی جائیداد کو قابو میں لے کر ایک خاص برادری کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو نہ صرف آئینی اصولوں بلکہ مذہبی آزادی کے بھی خلاف ہے۔اس موقع پر انجمن اسلام کی جانب سے ضلعی کلکٹر کے ذریعے صدرِ جمہوریہ کو ایک یادداشت پیش کی گئی، جس میں وقف ترمیمی قانون کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ وقف کی جائیدادیں صدیوں سے عوامی فلاح و بہبود، تعلیم اور رفاہی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی آئی ہیں، اور ان میں حکومتی مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔احتجاج میں مختلف دینی، سماجی اور تعلیمی اداروں کے نمائندے، نوجوان، بزرگ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے یہ واضح پیغام گیا کہ مسلمان اپنے مذہبی و سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔اس پُرامن احتجاج نے یہ ثابت کر دیا کہ ملک کے مسلمان اپنے آئینی اور مذہبی حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے، اور وقف املاک کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔




Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments