Land Survey Drive Accelerates in Karnataka: CM

ریاست میں زمینوں کی پیمائش کا عمل تیز: سدارامیا

کرشنا بائرے گوڈا ماہر اور باصلاحیت وزیر، ریونیو محکمہ حکومت کا ستون قرار

بنگلور،10 اپریل (حقیقت ٹائمز) 

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ودھان سودھا کی سیڑھیوں پر منعقدہ 36ویں نیشنل لینڈ سروے ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو محکمہ ریاستی حکومت کے لیے ایک مادر ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے، جو اگر مؤثر طریقے سے کام کرے تو دیہی عوام اور کسان پر سکون زندگی گزار سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پوڈی زمین سے پاک دیہات کا قیام حکومت کا ہدف ہے۔ اس کے لیے زمینوں کی پیمائش (سروے) کا کام مکمل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منظور شدہ سروے افسران کی مستقل تقرری کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی 36 اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈس (ADLRs) کی تقرری عمل میں آئے گی۔وزیر اعلیٰ نے وزیر برائے محصولات کرشنا بائرے گوڈا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت، تجربہ کار اور محنتی وزیر ہیں جو محکمہ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور تمام اعداد و شمار زبان کی نوک پر رکھتے ہیں ۔سدارامیا نے کہا کہ محض وزیر ہونا کافی نہیں ہوتا، اس کے ساتھ مہارت اور عوامی فلاح کا جذبہ بھی ضروری ہے، اور یہ دونوں خوبیاں کرشنا بائرے گوڈا میں پائی جاتی ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں ریاست میں 26 لاکھ زمینوں کی پیمائش کا کام مکمل ہو چکا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کرشنا بائرے گوڈا کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ریاستی حکومت سروے کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ محکمہ کو درکار مالی وسائل اور عملے کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے۔ سروے افسران کی بھرتی مکمل طور پر شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے اور جلد ہی تقرری کے خطوط بھی جاری کر دیے جائیں گے۔سدارامیا نے سابق وزیر گووند گوڈا کے دور میں ایک لاکھ اساتذہ کی بھرتی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرز پر کرشنا بائرے گوڈا نے سروے افسران کی تقرری میں دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے افسران کو واضح ہدایت دی کہ جھیلوں اور آبی ذخائر پر موجود ناجائز قبضوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور زمین کی تقسیم سے پاک دیہات کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ وہ ایمانداری سے کام کریں اور اُن افراد کی خدمت کریں جو اپنی آواز بلند نہیں کر سکتے، یہی دراصل عبادت اور خدمت خلق کا سچا جذبہ ہے۔ صدارت رکن اسمبلی رضوان ارشد نے کی، جب کہ وزیر کرشنا بائرے گوڈا، وزیراعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد، چیف وہپ اشوک پٹن سمیت دیگر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ تجویز بھی دی کہ نیشنل لینڈ سروے ڈے کو ہر سال منایا جانا چاہیے تاکہ اس کی اہمیت کو برقرار رکھا جا سکے۔




Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments