Lokayukta Urges BBMP to Fix Waste Woes Without Public Complaints شکایات سے پہلے صفائی کا نظام درست کریں
byAdministrator-0
کچرے، آوارہ کتوں اور جھیلوں کی صفائی پر لوک آیوکتہ کی کڑی نظر
بی بی ایم پی کو مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت
بنگلورو، 24 اپریل (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک لوک آیوکتہ جسٹس بی ایس پاٹل نے بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہر میں ٹھوس فضلہ (کچرے) کے انتظام کو اس طرح انجام دیں کہ عوام کو شکایت کا موقع نہ ملے۔انہوں نے آج بی بی ایم پی کے زونل افسران کو طلب کر کے کچرے کی نکاسی، آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، جھیلوں کی صفائی اور دیگر مسائل پر از خود دائر کردہ شکایت پر سماعت کی۔بی بی ایم پی افسران نے بتایا کہ شہر میں تقریباً 2.89 لاکھ آوارہ کتے موجود ہیں جن میں سے 35 ہزار سے زائد کو نس بندی کی جا چکی ہے۔ اس منصوبے کے لیے حکومت نے 60 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ جسٹس پاٹل نے زور دے کر کہا کہ صرف شہری علاقوں ہی نہیں بلکہ دیہی پنچایتوں کی سطح پر بھی یہ اقدامات کیے جائیں اور عوامی شمولیت اور موثر ابلاغ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جانوروں سے ہمدردی کے ساتھ پیش آیا جائے اور ان پر ظلم نہ کیا جائے۔جھیلوں میں گندگی کو روکنے کے لیے بی بی ایم پی اور واٹر سپلائی بورڈ کے درمیان مشترکہ کارروائی پر زور دیا گیا۔ جسٹس پاٹل نے جَکّور جھیل کو فضلے سے پاک کرنے کی ہدایت بھی دی۔بی بی ایم پی کے خصوصی کمشنر برائے مالیات اور فضلہ نکاسی، کے. ہریش کمار نے بتایا کہ گھروں سے گیلا، خشک اور سینیٹری فضلہ الگ الگ طور پر جمع کیا جا رہا ہے۔ 100 کلوگرام سے زائد کچرے کو بلک ویسٹ کے طور پر سمجھا جاتا ہے، جسے اکثر جگہ جگہ پھینک دیا جاتا ہے، جس سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس وقت کچرے کے انتظام کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے والا کمانڈ سینٹر بھی موجود ہے اور صفائی کارکنوں کو مستقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب فضلہ نکاسی کے نظام میں تبدیلی کی جا رہی ہے، جس میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی طریقے شامل کیے جائیں گے۔ عوام سے حاصل ہونے والے فیس اور پراپرٹی ٹیکس کی رقم کو بھی اس مقصد کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ سڑکوں کو صاف رکھنے، وسائل کا صحیح استعمال کرنے اور وقت پر خدمات انجام دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔جسٹس بی ایس پاٹل نے بی بی ایم پی کو خبردار کیا کہ کچرے کے انتظام میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی شکایات نہ آئیں، اس کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور بے جا کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔اس موقع پر لوک آیوکتہ کے سکریٹری اور سینئر جج شری شری ناتھ کے بھی موجود تھے۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment