Mangaluru Set for Massive Protest Against Waqf Bill, HC Bars Traffic Curbs وقف قانون پر منگلورو میں بڑا احتجاج، ہائی کورٹ نے ٹریفک روکنے پر پابندی لگائی

منگلورو میں کل قف سے متعلق بڑا احتجاج

 عدالت نے عوامی آمدورفت یقینی بنانے کا حکم دیا

بنگلورو‌ 17 اپریل (حقیقت ٹائمز)

وقف ترمیمی بل کے خلاف منگلورو میں کل ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کے دوران آج ریاستی ہائی کورٹ نے منگلورو پولیس کمشنر کی جانب سے ٹریفک کی پابندی سے متعلق جاری کردہ احکامات پر روک لگا دی ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ احتجاج کی اجازت دی جائے، مگر عوامی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ پیدا ہو۔یہ ہدایت جسٹس ناگ پرسنّا کی سنگل بنچ نے دی، جنہوں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ "اگر مظاہرے کی اجازت قانون کے مطابق لی گئی ہو، تو اسے مخصوص مقام تک محدود رکھا جائے۔ کسی بھی صورت میں سڑک بند یا ٹریفک میں خلل نہ آئے۔"

یہ فیصلہ راجیش آركولا  نامی فرد کی طرف سے داخل کردہ رِٹ عرضی پر دیا گیا، جس میں ریاستی حکومت، جنوبی کینرا کے ڈپٹی کمشنر، منگلورو پولیس کمشنر اور اے سی پی ٹریفک کو فریق بنایا گیا تھا۔عرضی میں کہا گیا تھا کہ منگلورو-بنگلور قومی شاہراہ پر بی سی روڈ سے لے کر پڈیل تک گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس سے عام لوگوں کو شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ پولیس نے پڈیل، کننور، ادیار، سہیا دری اور آركولا کے علاقوں میں بھی ٹریفک پر پابندیاں عائد کی تھیں، جبکہ احتجاج پڈیل کننور کے نزدیک واقع "شاہ گارڈن" میدان میں کل دوپہر 3 بجے متوقع ہے۔یہ احتجاج کرناٹک علما رابطہ کمیٹی کی قیادت میں کیا جا رہا ہے، جس میں جنوبی کینرا، اُڈپی، چکمگلور اور ہاسن سمیت مختلف اضلاع سے متعدد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔منگلورو پولیس کمشنر نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں، جبکہ عدالت نے ایک بار پھر واضح کیا کہ احتجاج قانونی طور پر ہونا چاہیے اور عوامی زندگی کو کسی بھی طرح متاثر نہیں کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ 2020 میں اسی "شاہ گارڈن" میدان میں سی اے اے کے خلاف ایک بڑا احتجاج منعقد ہوا تھا، اور اب وقف ترمیمی بل کے خلاف منگلور ایک اور بڑے عوامی مظاہرے کے لیے تیار ہو رہا ہے۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments