Massive Protest in Mangaluru Against Waqf Amendment Bill منگلورو میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف عظیم الشان احتجاج

وقف ترمیمی قانون کے خلاف منگلورو میں عظیم الشان احتجاج

ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت

منگلورو، (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک علماء فیڈریشن کی قیادت میں منگلورو کے نواحی علاقے اڈیار میں واقع "شا گارڈن" میں مرکزی حکومت کی طرف سے پیش کردہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف جمعہ کو ایک پرامن مگر زبردست احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور وقف کے حق میں آواز بلند کی۔دکشن کنڑا کے ضلعی قاضی مولانا تقویٰ احمد مصلیار اور اڈپی کے مشترکہ قاضی مولانا عبدالحمید مصلیار کی قیادت میں منعقد اس احتجاج میں دکشن کنڑا، اڈپی، چکمگلورو اور کوڈاگو کے مختلف علاقوں سے عوام کا ایک سمندر اُمڈ آیا۔ سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنما، کارکنان اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے افراد نے جوش و خروش کے ساتھ اپنی موجودگی درج کرائی۔احتجاج میں شرکاء ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے جن پر درج نعرے وقف قانون کی مخالفت اور دستور کی پاسداری پر زور دے رہے تھے۔ مظاہرین نے "آزادی، آزادی" کے نعرے لگاتے ہوئے قومی پرچم لہرایا اور شا گارڈن کی جانب مارچ کیا۔ کئی مظاہرین نے ندی پار کرنے کے لیے کشتیوں کا استعمال کیا، جس سے احتجاج کی شدت اور سنجیدگی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔جلسہ کا آغاز علامہ اقبال کی ولولہ انگیز نظم سے ہوا جس نے مجمع میں نیا جوش پیدا کیا۔ قاضی تقویٰ احمد مصلیار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقف مسلمانوں کا آئینی و مذہبی حق ہے اور فاشسٹ ذہنیت رکھنے والی طاقتیں اس حق کو چھیننے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ریاستی وقف بورڈ کے سابق چیرمین شافی سعدی نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ وقف ایکٹ میں ہونے والی زیادتیوں پر روک لگائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج کسی فرقے، مذہب یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ صرف اپنے حق کے لیے ہے۔کرناٹکا علماء فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری عثمان غنی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو وقف کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ "ہم نے کسی کا حق نہیں چھینا، ہم صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں،" احتجاجی مظاہرہ پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا مگر مقررین نے واضح کیا کہ جب تک یہ قانون واپس نہیں لیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments