MM Hills Meet: Major Boost for South Karnataka میسور ڈویژن کو کابینہ کا تحفہ، کئی اہم فیصلے

ایم ایم ہلز میں کابینہ اجلاس کے فیصلے

 میسور ڈویژن کے لیے 3647 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے منظور – سدارامیا کا اعلان

میسور 24 اپریل (حقیقت ٹائمز)

وزیراعلیٰ سدارامیا نے ایم ایم ہلز (ملے مہدیشورا ہلز) میں آج منعقدہ کابینہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ریاست کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کلبرگی ڈویژن کے بعد اب میسور ڈویژن کے لیے یہ کابینہ اجلاس منعقد کیا گیا، جبکہ بیلگاوی ڈویژن کا اجلاس بیجاپور میں اور بنگلور ڈویژن کا اجلاس نندی ہلز میں منعقد کیا جائے گا تاکہ تمام علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جا سکے۔وزیر اعلٰی نے کشمیر میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کیتھولک مذہبی پیشوا پوپ کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت امن و انصاف کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔اس کابینہ نے اس اجلاس میں مختلف محکموں کے تحت 3647 کروڑ 42 لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ ان میں عوامی تعمیرات، سڑکوں، چھوٹے بڑے آبپاشی منصوبے، توانائی، صحت، دیہی ترقی، اور قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ خاص طور پر پسماندہ طبقات کے لیے رہائشی اسکیمیں اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر 1787 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان بڑھتے ٹکراؤ کو روکنے کے لیے 210 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت ریلوے لائنوں کے اطراف میں باڑ لگانے کا کام مکمل کیا جائے گا۔ پینے کے پانی کے منصوبوں کے لیے 315 کروڑ، جبکہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے 228 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ کولیگال میں 250 بستروں پر مشتمل ضلعی اسپتال تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 300 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ہنور میں نئے تعلقہ کے قیام کے بعد تعلقہ اسپتال اور دفتر کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔ چِککلور میں راجپّا جی، سِدّپّا جی، اور منٹے سوامی ڈیولپمنٹ بورڈ کی ترقی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ ایلوالا، ورُونا میں بین الاقوامی اسپورٹس اسٹیڈیم کے لیے زمین مختص کی گئی ہے۔بدنوالُو کی ترقی کے لیے 40 کروڑ، میسور ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع کے لیے 101 کروڑ روپے مالیت کی زمین مختص کی گئی ہے، اور میسور میں آٹارا دفتر کے مقام پر 100 کروڑ روپے کی لاگت سے میوزیم تعمیر کیا جائے گا۔گنڈلپیٹ کے 110 تالابوں میں پانی بھرنے کے لیے 475 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ چامراج نگر میں نیا سیاحتی مرکز اور اسپورٹس گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جائے گا، جب کہ شہری پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ ان تمام منصوبوں کا مقصد میسور ڈویژن کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانا ہے، اور حکومت عوامی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ ہے۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments