Outrage in Hubli After Minor Girl’s Murder, Demand Justice ہبلی میں کمسن بچی کے قتل پر عوامی احتجاج، گرفتاری کا مطالبہ
byAdministrator-0
ہبلی میں کمسن بچی کے قتل پر عوامی غصہ پھوٹ پڑا، جنسی زیادتی کا الزام
پولیس تھانے کے روبرو احتجاج ،تحقیات جاری
ہبلی : 13 اپریل (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے شہر ہبلی کے اشوک نگر پولیس تھانے کی حدود میں پانچ سالہ معصوم بچی کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر بچی کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہریوں نے پولیس تھانے کے سامنے احتجاج کیا۔مقتولہ بچی کا تعلق مزدور طبقے سے ہے۔ والد پیشے سے پینٹر ہیں، جب کہ والدہ گھریلو کاموں کے ساتھ ساتھ بیوٹی پارلر میں بھی کام کرتی ہیں۔ واقعے کے وقت والد اپنے کام پر گئے ہوئے تھے اور ماں گھر کے اندر مصروف تھی جبکہ بچی باہر کھیل رہی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ ایک شخص بچی کو ورغلا کر لے جا رہا ہے، جس کے بعد اس کی لاش قریبی زیر تعمیر عمارت کے بیت الخلا سے برآمد ہوئی۔علاقہ مکینوں کے مطابق بچی کے جسم پر زخموں کے نشان پائے گئے ہیں اور بعض افراد کی جانب سے جنسی زیادتی کے شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ جب تک پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول نہیں ہوتی، وہ جنسی زیادتی کے بارے میں تصدیق یا تردید نہیں کریں گے۔پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے اور شواہد کی بنیاد پر ملزم کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔ کمشنر آف پولیس این۔ ششی کمار نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مجرم کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ کرلیا گیا ہے، تاہم طبی معائنے کی حتمی رپورٹ کا انتظار ہے۔ بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کِمس (KIMS) اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس واقعہ نے نہ صرف ہبلی بلکہ پورے کرناٹک میں لڑکیوں کے تحفظ کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ عوامی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس سانحے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور موثر اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment