Protesters Booked for Blocking Highway During Waqf Law Protest in Mangaluru منگلور میں وقف قانون کے خلاف احتجاج، ٹریفک میں خلل پر مقدمہ درج

 منگلور میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران ٹریفک میں خلل ڈالنے پر مقدمہ درج

منگلور، 20 اپریل (حقیقت ٹائمز)

منگلور کے ادیار علاقے میں واقع شاہ گارڈن میدان میں 18 اپریل کو مرکزی حکومت کے وقف (ترمیمی) قانون کے خلاف ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کے دوران سڑک بند کرنے اور ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔کَنکناڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق، مظاہرہ کے دوران نیشنل ہائی وے 73 پر احتجاجی افراد نے جان بوجھ کر سڑک کنارے اور درمیان میں دھرنا دیا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل واقع ہوا۔ پولیس کمشنر انوپم اگروال نے بتایا کہ ویڈیو فوٹیج کی جانچ کے بعد تین افراد — جلیل (رہائشی کرشنا پور)، فضل (رہائشی وَلچِل)، اور محمد حنیف نوفل — کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔یہ مظاہرہ کرناٹک علماء فیڈریشن کی قیادت میں منعقد کیا گیا تھا ،جس میں ریاست بھر سے لوگ شریک ہوئے۔ منتظمین نے مظاہرہ کے پرامن انعقاد اور پولیس کے ساتھ تعاون کے لیے بڑی تعداد میں رضاکار بھی مقرر کیے تھے۔تاہم، شام تقریباً ساڑھے چار بجے مظاہرین کا ایک گروہ ہائی وے پر بیٹھ گیا جس سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مظاہرین کو بارہا ہٹانے اور راستہ خالی کرنے کی اپیل کی، لیکن کچھ افراد نے نہ صرف ٹریفک میں خلل ڈالا بلکہ ایمرجنسی سروسز کو بھی متاثر کیا اور سرکاری ملازمین کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی۔پولیس نے ڈیوٹی پر تعینات افسر کی شکایت پر کیس درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو شواہد کی بنیاد پر دیگر ملوث افراد کی شناخت جاری ہے اور قومی شاہراہ کو روکنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments