Sajjada Nashin Warns of Public Protest Over Govt’s Move بابا بڈھن درگاہ پر پجاری تقرری، حکومت کے حلف نامے پر سجادہ نشین کا اعتراض
byAdministrator-0
بابا بڈھن درگاہ پر پجاری کی تقرری
حکومت کے حلف نامے پر اقلیتی برادری کا شدید ردعمل، اقلیتوں کے جذبات سے کھلواڑ کا الزام
چکمگلور، 17 اپریل(فیروز نشیمن)
حضرت دادا حیات میر قلندرؒ المعروف دادا پہاڑ پر حکومتِ کرناٹک کی جانب سے ہندو پجاری کی تقرری سے متعلق سپریم کورٹ میں داخل کردہ حلف نامے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دادا حیات میر قلندرؒ کے آل اولاد، سجادہ نشین سید بڈھن شاہ قادری کمیٹی کے صدر، سید فخرالدین شاہ قادری نے ریاستی حکومت پر اقلیتوں کے مذہبی جذبات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پریس کلب میں جمعرات کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید فخرالدین شاہ قادری نے کہا کہ "ریاستی کانگریس حکومت نے سپریم کورٹ میں جو حلف نامہ داخل کیا ہے، وہ بی جے پی کی فرقہ پرست پالیسیوں کی حمایت اور اقلیتی برادری کے جذبات کی صریح توہین ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ سدارامیا حکومت نے سیکولر نظریات کو ترک کر کے ایک خاص طبقے کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، جو آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔ اگر حکومت نے اپنا موقف تبدیل نہ کیا تو درگاہ کے عقیدت مندوں کے ساتھ مل کر ریاست گیر سطح پر پرامن احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔سید فخرالدین شاہ نے یاد دلایا کہ بابا بڈھن درگاہ کی موجودہ صورتحال سے متعلق ریاستی وزیر داخلہ جی. پرمیشور اور دیگر وزراء سے وفد نے ملاقات کی تھی۔ اس وفد میں ضلعی وقف بورڈ کے صدر الحاج محمد شاہد رضوی، سجادہ نشین غوث محی الدین شاہ قادری، اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے تمام ضروری دستاویزات پیش کرتے ہوئے 1975 سے قبل کے فاتحہ و صوفیانہ رسومات کو بحال کرنے اور بی جے پی حکومت کے دوران شروع کی گئی عارضی پوجا کو بند کرنے کی سفارش کی تھی۔تاہم ریاستی حکومت نے سابقہ بی جے پی حکومت کے متنازع حلف نامے کو برقرار رکھتے ہوئے ہندو پجاری کی تقرری کی سفارش کی ہے، جو نہ صرف صوفی روایت کی توہین ہے بلکہ اقلیتی طبقے کے لیے ناقابل قبول ہے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ وزیر داخلہ کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی میں مسلمانوں کے صرف چار نمائندوں کو بات رکھنے کی اجازت دی گئی، جب کہ مخالف فریق کے سات افراد کو بولنے دیا گیا، جو غیر منصفانہ عمل ہے۔اس موقع پر ایم ایل اے نیانا موٹمّا نے بھی حکومت کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے درگاہ کے صوفی ورثے کو نظرانداز کر کے دتہ جینتی کی حمایت کر کے عوام کی امیدوں کو ٹھیس پہنچائی ہے۔اس پریس کانفرنس میں یوسف حاجی، رسول احمد رضوی، سید ثقلین پاشاہ قادری، اور تنوین پاشاہ بھی موجود تھے۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment