SC Questions Bombay HC Delay on Dargah Plea ناسک درگاہ انہدام: سپریم کورٹ کی ہائی کورٹ پر برہمی
byAdministrator-0
سپریم کورٹ کا ناسک درگاہ معاملے میں بامبے ہائی کورٹ سے رپورٹ طلب
حضرت سات پیر سید بابا درگاہ کو منہدم کرنے کے بعد کی صورت حال پر عدالت عظمیٰ کی سخت برہمی
نئی دہلی/ناسک، 19 اپریل (حقیقت ٹائمز)
سپریم کورٹ نے ناسک میں واقع حضرت سات پیر سید باباؒ کی تاریخی درگاہ کے انہدام کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو ہدایت دی ہے کہ وہ رِٹ پٹیشن کی عدالتی کارروائی کی مکمل رپورٹ عدالت عظمیٰ میں پیش کریں۔ عدالت نے درگاہ کے وکیل نوین پہوا کے اس بیان کا سخت نوٹس لیا کہ 7 اپریل کو ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی، لیکن مسلسل کوششوں کے باوجود اسے سماعت کے لیے فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جویملیہ بگچی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے یہ ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ"ہماری سمجھ میں یہ نہیں آرہاہے کہ 9 اپریل سے 16 اپریل کے درمیان کیا ہوا۔ سینیئر وکلا روزانہ سماعت کے لیے کوشش کر رہے تھے، لیکن معاملہ فہرست میں نہیں آیا۔ یہ ایک سنگین صورتِ حال ہے۔ اگر یہ درست ہے تو انتہائی تشویشناک ہے۔"ناسک میونسپل کارپوریشن نے یکم اپریل کو درگاہ کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ اس کے خلاف ہنگامی بنیاد پر 8 اپریل کو عدالت سے رجوع کیا گیا، لیکن کیس کی شنوائی نہیں ہو سکی۔ بالآخر 16 اپریل کو میونسپل کارپوریشن نے درگاہ کو منہدم کر دیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں سنگباری، پولیس لاٹھی چارج اور دیگر پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔سپریم کورٹ نے ناسک میونسپل کارپوریشن کے انہدامی نوٹس پر فی الحال روک لگا دی ہے اور ہائی کورٹ کی عدالتی پیش رفت پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی، درگاہ کے متولیوں نے فروری کے آخر میں بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ مارچ میں جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس کمل کھاٹہ کی بنچ نے عرضی پر ابتدائی سماعت کی، جس میں ناسک میونسپل کمشنر منیشا کھتری نے موقف اختیار کیا کہ درگاہ کی تعمیر نگران حدود میں غیرقانونی طور پر کی گئی ہے، جس میں گیٹ، کمرے اور چار دیواری شامل ہے۔12 مارچ کو عدالت نے بھی درگاہ کو غیرقانونی قرار دیا، جس کے بعد عرضی گزاروں نے اپنی درخواست واپس لے لی۔ تاہم کچھ ہی دن بعد، کارپوریشن نے ایک نیا 15 دن کا نوٹس جاری کیا، جس کے خلاف 7 اپریل کو دوبارہ درخواست دائر کی گئی، مگر وہ عرضی بھی سماعت کے لیے فہرست میں شامل نہ ہو سکی۔اب سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد، اس معاملے نے ایک نیا رخ اختیار کیا ہے، اور ممکنہ طور پر متاثرہ فریقین کو قانونی تحفظ ملنے کی امید ہے۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment