CM Orders Uninterrupted Drinking Water Supply ہر گاؤں میں پینے کا پانی یقینی بنائیں: وزیر اعلیٰ
byAdministrator-0
پانی کی قلت سے پہلے اقدامات کریں، فنڈ کی کوئی کمی نہیں۔ سدارامیا
ضلعی افسران کو متحرک ہونے کی ہدایت
بنگلورو، 5 مئی (حقیقت ٹائمز)
وزیراعلیٰ سدارامیا نے ریاست کے تمام ڈپٹی کمشنروں اور ضلعی انچارج سیکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ ریاست کے کسی بھی گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی قلت ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے، لہٰذا افسران پیشگی منصوبہ بندی سے تیاری مکمل رکھیں۔آج ودھان سودھا کے کمیٹی ہال میں پینے کے پانی سے متعلق مسائل پر ڈپٹی کمشنرس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ گفتگو کی اور متعدد اہم ہدایات دیں۔انہوں نےکہا کہ ریاست کے کسی بھی مقام پر پینے کے پانی میں پریشانی نہ ہو، اس بات کو یقینی بنائیں۔ پانی کی فراہمی کے لیے حکومت کے پاس فنڈز کی کوئی کمی نہیں۔ پنچایت راج محکمے کو پہلے ہی 60 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔اضلاع میں ہنگامی حالات کے لیے خصوصی ایکشن پلان بنایا جائے، جسے ٹاسک فورس سے منظوری لے کر فوری طور پر لاگو کیا جائے۔ہر سال پانی کی قلت سے متاثرہ گاؤں میں مسئلہ مستقل طور پر حل کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔صرف ضرورت کی صورت میں بورویل کھودنے کی اجازت ہو، غیرضروری طور پر سرکاری پیسے کا زیاں روکنے کی ہدایت دی گئی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ سال کی بنسبت رواں سال مانسون سے پہلے 55 فیصد زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے، اور کوئی بھی ضلع ایسا نہیں جہاں اوسط سے کم بارش ہوئی ہو۔ریاست کے 27 اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے اور تمام بڑے آبی ذخائر میں 50 سے 60 فیصد پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، اس سال بھی اوسط سے زیادہ مانسون متوقع ہے۔اور اگر مانسون میں تاخیر ہوئی تو 6319 گاؤں میں پانی کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ فی الحال ریاست کے 551 گاؤں پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہیں، جن میں سے 123 گاؤں میں ٹینکر کے ذریعے پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ہنگامی ضرورتوں کے لیے 3000 نجی بورویل کی نشاندہی کی جاچکی ہے، جن میں سے 480 کو کرائے پر لے کر پانی فراہم کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ریاستی وزراء کرشنا بائرے گوڑا،دنیش گنڈو راؤ، پریانک کھرگے ،ایم بی پاٹل ،کے جے جارج،ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل،اور دیگر موجود تھے۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment