Fire in Ajmer Hotel: 4 Dead, Including Child تنگ گلی نے ریسکیو میں تاخیر پیدا کی
byAdministrator-0
اجمیر کے ہوٹل میں ہولناک آتشزدگی
چار افراد ہلاک، ماں نے بچے کو کھڑکی سے نیچے پھینک کر بچایا
اجمیر، یکم مئی (حقیقت ٹائمز)
راجستھان کے مشہور روحانی شہر اجمیر شریف میں واقع ایک ہوٹل میں جمعرات کی صبح خطرناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا جب ہوٹل کی عمارت میں اچانک آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت دھوئیں سے گھِر گئی۔جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر انیل سماریا کے مطابق، مہلوکین میں دو مرد، ایک خاتون اور ایک چار سالہ بچہ شامل ہیں، جن کی موت دم گھٹنے اور جھلسنے کی وجہ سے ہوئی۔ حادثے کے وقت ہوٹل میں 18 افراد موجود تھے، جو دہلی سے اجمیر درگاہ کی زیارت کے لیے آئے ہوئے زائرین تھے۔آگ لگنے کے وقت کی ایک دل دہلا دینے والی تصویر اُس ماں کی ہے، جس نے اپنے بچے کی جان بچانے کے لیے اُسے ہوٹل کی تیسری منزل کی کھڑکی سے نیچے گرا دیا۔ خوش قسمتی سے بچہ معمولی جھلسا، لیکن محفوظ رہا۔ موقع پر موجود منگیلا کالوسیا نامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ "ایک خاتون نے اپنے بچے کو میرے ہاتھوں میں کھڑکی سے نیچے پھینکا۔ بعد میں وہ خود بھی چھلانگ لگانا چاہتی تھی، لیکن ہم نے اُسے روک دیا۔عینی شاہدین کے مطابق، آگ لگنے سے کچھ لمحے قبل ایک بڑا دھماکہ سنائی دیا، جس کی وجہ غالباً ایئرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ تھا۔ ہوٹل کے کمرے سے گہرا سیاہ دھواں نکلتا دیکھا گیا۔ ایک ویڈیو میں دو مردوں کو کھڑکی سے باہر نکل کر اپنی جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان میں سے ایک شخص بلڈنگ سے سڑک کے دوسری طرف واقع چھت پر کودنے میں کامیاب رہا، لیکن دوسرا شخص رسی کے سہارے نیچے اترتے ہوئے زمین پر گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔چونکہ ہوٹل ایک تنگ گلی میں واقع تھا، اس لیے فائر بریگیڈ اور پولیس کے لیے ریسکیو آپریشن کرنا انتہائی دشوار ثابت ہوا۔ کئی پولیس اہلکار اور فائر فائٹرز دھوئیں کی شدت سے بے ہوش ہوگئے۔ تاہم، کچھ دیر بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ضلع کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گجندر سنگھ راٹھور نے تصدیق کی ہے کہ تمام افراد کو ہوٹل سے نکال لیا گیا ہے اور آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق، آگ الیکٹریکل پینل سے شروع ہوئی جو تھوڑی دیر میں شدید آتشزدگی میں تبدیل ہو گئی۔واقعے کے بعد ہوٹل کی عمارت اور اس کی ساخت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، خاص طور پر اس کے تنگ راستے اور ناقص حفاظتی اقدامات پر۔ حکومت کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment