Greater Bengaluru Authority Replaces BBMP: Law Comes into Effect Today گریٹر بنگلورو اتھارٹی قائم، بی بی ایم پی کا خاتمہ

بی بی ایم پی کی جگہ نئی اتھارٹی کا قیام

گریٹر بنگلورو اتھارٹی قانون کو گورنر کی منظوری، آج سے نافذ العمل

بنگلورو، 15 مئی (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک حکومت کے مجوزہ گریٹر بنگلورو گورننس ایکٹ کو گورنر کی منظوری حاصل ہو گئی ہے اور یہ قانون آج یعنی 15 مئی سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ اس نئے قانون کے تحت ریاست کے دارالحکومت بنگلورو میں موجودہ برہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کو ختم کر کے اس کی جگہ گریٹر بنگلورو گورننس اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ یہ بات وزیراعلیٰ سدارامیا نے ودھان سودھا میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ کے مطابق، "گریٹر بنگلورو قانون کا مقصد شہر میں بہتر نظم و نسق، موثر منصوبہ بندی، عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور شہریوں کی براہ راست شراکت داری کو یقینی بنانا ہے۔ اب بنگلورو ایک متحدہ شہر کے بجائے ایک منظم میٹرو پولیٹن ریجن کے طور پر کام کرے گا، جس میں متعدد میونسپل ادارے قائم کیے جائیں گے۔"انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام کے تحت "کم از کم تین نئے شہری بلدیاتی ادارے قائم کیے جائیں گے، جو مخصوص زونز کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ، گریٹر بنگلورو گورننس اتھارٹی کا صدر ریاست کا وزیراعلیٰ ہوگا، جبکہ مقامی سطح پر افسران کو مزید اختیارات دیے جائیں گے تاکہ عوامی مسائل کے فوری حل ممکن ہو سکیں۔"سدارامیا نے واضح کیا کہ اتھارٹی کے اختیارات، دائرۂ کار، اور فنڈز کی تقسیم سے متعلق تمام تفصیلات کو جلد ہی قواعد و ضوابط کی شکل دی جائے گی، جس کے بعد انتظامی عملے کی تقرری، علاقائی حدود کی ازسرنو حد بندی اور شہری منصوبوں کی منظوری کا عمل شروع ہوگا۔

بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات کا اعلان

میڈیا نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے کئی حصوں میں شدید بارش کی وجہ سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے، اور حکومت نے فوری امدادی اقدامات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا، "بارش سے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے گا، اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نقصان کا جائزہ لے کر فوری امداد فراہم کرے۔"انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے خلاف تیاری کے طور پر متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ریاستی آفات انتظامیہ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

Author

TAUZ UL IMAM MD NABI

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments