Mosques Host Special Prayers for Peace, Unity and Armed Forces افواجِ وطن کے حق میں کرناٹک کی مساجد میں دعائیہ اجتماعات


ٹمکور کے بارلین کی مکہ مسجد میں بعد نمازِ جمعہ ہندوستانی فوج کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شرکاء نے قومی پرچم تھامے، اتحاد اور حب الوطنی کا پیغام عام کیا۔ اور ہندوستانی فوج کی سلامتی اور ملک کے شہریوں کی حفاظت کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔

ریاست کی مساجد میں کشمیری سانحے اور سرحدی کشیدگی کے تناظر میں امن و یکجہتی کی دعائیں

بنگلورو، 9 مئی (حقیقت ٹائمز)

پہلگام (کشمیر) میں ہوئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جس میں 26 سیاح اور عام شہری جاں بحق ہوئے۔ اس افسوسناک واقعے کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کرناٹک کی متعدد مساجد میں جمعہ کے روز خصوصی دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ملک میں امن، فوج کی حفاظت اور قومی یکجہتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔شہر ٹمکور کے مختلف مساجد بشمول مکہ مسجد بارلین،سمیت ریاست بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور خانقاہوں میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ،اکثر و بیشتر مساجد میں کی خطبہ جمہ کے دوران خطیب حضرات نے پہلگام حملے کی شدید مذمت کی اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اور واضح الفاظ میں کہا کہ یہ حملہ صرف ان افراد پر نہیں، بلکہ ملک کی روح پر وار ہے۔ اس وقت ہمیں متحد ہوکر ملک کی سالمیت کا دفاع کرنا ہوگا۔سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا مقصود عمران رشادی نے ہندوستانی افواج کے ’آپریشن سندور‘ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو فوج پر فخر ہے، جو بہادری سے ملک کی حفاظت کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک بھر کی مساجد کو یہ ہدایت دی گئی تھی کہ وہ جمعہ کے دن افواجِ ہند کی کامیابی اور ملک میں امن کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر شہری ملک کی حفاظت کیلئے تیار ہے۔مولانا نے مزید کہا کہ"ہماری لڑائی کسی مذہب یا قوم سے نہیں، بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہے۔ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، بدھ — سب مل کر اس ملک کے تحفظ کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔"انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور جیسے فیصلے دہشت گردی کے خلاف سخت پیغام ہیں، اور مسلمانان ہند اس میں حکومتِ ہند کے ساتھ ہیں۔قابل ذکر ہے کہ وزیر برائے اقلیتی بہبود واوقاف، ضمیراحمد خان کی درخواست پر ریاست بھر کی مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ جب کہ وزیر ٹرانسپورٹ و مزراعی رام لنگا ریڈی نے مندروں میں بھی دعائیہ رسومات کا اہتمام کرنے کی اپیل کی تھی۔ملک کی سلامتی، امن اور بھائی چارے کے لیے ہونے والی یہ دعائیں ایک واضح پیغام ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک زبان اور متحد ہے۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments