No Progress Without Social Equality: Siddaramaiah سماجی مساوات کے بغیر ترقی ممکن نہیں: سدارامیا

ریاستی حکومت آئینی اصولوں اور سماجی مساوات کے نظریات پر کاربند ہے ۔ سدارامیا

میسور 12 مئی (حقیقت ٹائمز)

  وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بدھ، بسویشورا، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، گاندھی جی اور آئین ہند کے رہنما اصولوں کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان رہنماؤں کا پیغام ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنے، برابری اور انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کرنے کی تلقین کرتا ہے۔وہ ایچ ڈی کوٹے میں امبیڈکر جینتی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی رسومات بھی ادا کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایک ہی دن میں 140 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے۔سدارامیا نے ذات پات کی بنیاد پر ہونے والے امتیاز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بسویشورا اور بدھ نے ذات پات کے خاتمے کی جدوجہد کی، مگر آج بھی یہ لعنت موجود ہے۔ اگر سب کو تعلیم اور مواقع فراہم کیے جائیں تو ذات پات کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ہمیں ریزرویشن دیا، اسی وجہ سے ہم آج تعلیم یافتہ اور بااختیار بنے۔ اگر آئینی تحفظات نہ ہوتے تو ہم مویشی چرانے یا کھیتوں میں کام کرنے پر مجبور ہوتے۔ریاست میں داخلی ریزرویشن سے متعلق الجھن پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے اس مسئلے کے حل کے لیے جسٹس ناگموہن داس کمیٹی تشکیل دی ہے، اور اس کی سفارشات کی بنیاد پر تین مرحلوں میں مردم شماری کا عمل شروع کیا گیا ہے۔بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ بی جے پی والے مسلسل جھوٹ بولتے ہیں اور عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں حکومت کے پاس ترقی کے لیے پیسہ نہیں، لیکن آج ہم نے 140 کروڑ روپے کے کام شروع کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 8000 کروڑ روپے ایم ایل ایز کے ترقیاتی فنڈ کے لیے اور 55000 کروڑ روپے گارنٹی اسکیموں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت نے پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی، کھاد، دالیں اور تیل جیسی ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر بوجھ ڈالا ہے، جب کہ ریاستی کانگریس حکومت نے دودھ کی قیمت میں اضافہ کر کے اس کا فائدہ براہ راست کسانوں کو دیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ ریاستی کانگریس حکومت عوامی بھلائی کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور کسی بھی قسم کی منافرت، ناانصافی اور امتیاز کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments