SC Slams BJP Minister for Hate Remark on Army Officer بی جے پی وزیر کو سپریم کورٹ کی پھٹکار، ایف آئی آر پر کوئی روک نہیں


 کرنل قریشی کو 'دہشت گردوں کی بہن' کہنا ناقابلِ قبول

 بی جے پی وزیر پر سپریم کورٹ کی برہمی 

نئی دہلی / بھوپال (حقیقت ٹائمز)

 مدھیہ پردیش کے وزیر اور بی جے پی رہنما کنور وجے شاہ کی طرف سے ہندوستانی فوج کی افسر کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف دئیے گئے متنازع بیان پر عدالتِ عالیہ کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کے حکم کے بعد، سپریم کورٹ نے جمعرات کو معاملے میں سخت رویہ اختیار کیا۔سپریم کورٹ نے وجے شاہ کی اُس عرضی پر سماعت کی، جس میں انہوں نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے 14 مئی کے حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ وزیر نے دعویٰ کیا کہ اُن کا بیان "غلط طریقے سے پیش کیا گیا" اور "میڈیا نے توڑ مروڑ کر اسے سنسنی خیز بنایا۔"چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بی آر گوائی،  نے معاملے کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ "جو شخص آئینی عہدے پر فائز ہے، اس سے متوازن اور محتاط رویہ کی امید کی جاتی ہے۔ آخر آپ کس قسم کے بیانات دے رہے ہیں؟ کیا یہ ایک وزیر کو زیب دیتا ہے؟"سپریم کورٹ نے فی الحال ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے پر 16 مئی کو مزید سماعت کرے گی۔قابل ذکر بات ہے کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے اپنے ازخود نوٹس میں کنور وجے شاہ کے اس بیان کو کہ "کرنل قریشی دہشت گردوں کی بہن ہیں"، سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے "گٹر جیسی زبان" قرار دیا تھا۔ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ، جس میں جسٹس اتل شری دھرن اور جسٹس انوراھدا شکلا شامل تھے، نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ "وزیر کا بیان ابتدائی طور پر مسلم طبقے اور دیگر اقلیتی برادریوں کے خلاف نفرت کو ہوا دینے والا معلوم ہوتا ہے، جو آئین کی روح اور قومی سلامتی کے خلاف ہے۔"عدالت نے ریاستی پولیس کے ڈی جی پی کو فوراً کارروائی کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر عدالت کے احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے بھارتی نیائے سنہیتا بی ایم ایس کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی۔شدید عوامی ردعمل اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد وزیر وجے شاہ نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ"میں نے کرنل صوفیہ قریشی کے حوصلے کی تعریف کے ارادے سے وہ بات کہی تھی، جسے غلط طور پر پیش کیا گیا۔ میرا مقصد کسی کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔"دریں اثناء، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے دفتر نے "ایکس" پر پوسٹ کیا کہ وزیر کنور وجے شاہ کے بیان کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ضروری کارروائی کے لیے افسران کو ہدایت جاری کر دی ہے۔

Author

TAUZ UL IMAM MD NABI

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments