Tumakuru Set to Get Rs 132 Cr Modern Hospital ٹمکور میں 300 بستروں پر مشتمل نیا اسپتال بنایا جائے گا

 ٹمکور میں 132 کروڑ کی لاگت سے جدید اسپتال کیلئے عمارت کی تعمیر کا منصوبہ ۔پرمیشور

ٹمکور، 7 مئی (حقیقت ٹائمز)

 ریاستی وزیر داخلہ و ضلع انچارج ڈاکٹر جی پرمیشور نے ٹمکور کے ضلعی اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے 132 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے نئے اسپتال کی عمارت کے منصوبے کا خاکہ کا جائزہ لیا اور اعلیٰ حکام کے ساتھ منصوبے پر تبادلۂ خیال کیا۔ڈاکٹر پرمیشور نے بتایا کہ موجودہ ضلعی اسپتال کی عمارت تقریباً 78 سال پرانی ہوچکی ہے اور اس کی حالت خستہ ہو گئی ہے۔ کئی حصے بوسیدہ ہو چکے ہیں اور عمارت پر مزید منزلیں تعمیر کرنا ممکن نہیں۔ اسی بنا پر حکومت نے 300 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال کی نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ منصوبہ خصوصی ترقیاتی اسکیم کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ تعمیر سے قبل دیگر اضلاع میں قائم جدید سرکاری و نجی اسپتالوں کا معائنہ کیا جائے تاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیزائن تیار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نئی عمارت میں آسان رسائی، ایمرجنسی سروسز کی تیزی، صفائی ستھرائی، اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو معیاری اور جامع طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک مکمل، موثر اور شفاف منصوبہ تیار کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شبھا کلیان، ایس پی کے وی اشوک، ضلع پنچایت سی ای او جی. پربھو، ضلعی سرجن ڈاکٹر اصغر بیگ، محکمہ صحت کے افسران ڈاکٹر چندرشیکھر اور انجینئر چندرو سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ٹراما کیئر سینٹر، زچگی وارڈ، اطفال وارڈ اور آئی سی یو کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

Author

Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting

Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.

0/Post a Comment/Comments