AIMPLB Slams Wakf Bill, Plans Nationwide Protest ملک گیر احتجاج اور قانونی کارروائی کا اعلان
byAdministrator-1
وقف ترمیمی بل، حکومت کے آمرانہ رویے پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا سخت ردعمل
ملک گیر احتجاج اور قانونی کارروائی کا اعلان
نئی دہلی، 4 اپریل (حقیقت ٹائمز)
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے وقف ترمیمی بل کی منظوری کو جمہوریت پر بدنما داغ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ملک گیر احتجاج اور قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ حکومت نے طاقت کے نشے میں مست ہو کر مسلمانوں کے مذہبی اور قانونی حقوق پر حملہ کیا ہے، جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وقف جائیدادوں کے تحفظ کے نام پر لایا گیا یہ بل دراصل ان کے انتظامی حقوق کو سلب کرنے اور وقف کی خودمختاری کو ختم کرنے کی سازش ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے مسلم پرسنل لا بورڈ سمیت ملی تنظیموں اور اپوزیشن جماعتوں کے سخت اعتراضات کو نظر انداز کر دیا، جو جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے واضح کیا کہ وہ اس بل کو قانونی طور پر چیلنج کرے گا اور سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ مسلم تنظیموں، علماء، وکلا اور سماجی کارکنوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جلد ہی احتجاج کی تاریخ اور حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔بورڈ نے انصاف پسند شہریوں، اپوزیشن جماعتوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غیر آئینی قانون کے خلاف متحد ہوں اور احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔وقف ترمیمی بل پر اپوزیشن جماعتوں کے مضبوط موقف کو سراہتے ہوئے بورڈ نے ان کے سربراہان اور ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم، بی جے پی کی حلیف جماعتوں نتیش کمار، چندرا بابو نائیڈو، چراغ پاسوان اور جینت چودھری کے حکومت نواز رویے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلمانوں کو ان رہنماؤں کے سیاسی رویے کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے عزم ظاہر کیا کہ دباؤ یا دھمکیوں سے مرعوب ہوئے بغیر ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ ملت اسلامیہ ہندیہ اس معاملے میں خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ اجتماعی طور پر اپنا جمہوری حق استعمال کرے گی۔
Arambh Suddi Kannada News True Newses And Stories Telecasting
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
inshalla alla Sather dengay
ReplyDeletePost a Comment