انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حج کے موقع پر عازمین اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ دنیا میں امن، محبت اور بھائی چارہ قائم رہے اور ہندوستان ہر شعبہ میں ترقی کرے۔ سدارامیا نے کہا کہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ انسانی اقدار کا فروغ بھی ایمان کا حصہ ہے اور یہی پیغام لے کر عازمین کو اس سفر پر روانہ ہونا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے ایک ہی ماں کی اولاد ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے سے زندگی گزارنا ہی سماج کے لیے سب سے بڑی خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت ہی تمام مذاہب کی بنیاد ہے اور کوئی بھی مذہب نفرت یا دشمنی کا درس نہیں دیتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں نفرت یا تعصب کی بنیاد پر کسی بھی سماجی ترقی کی امید نہیں رکھنی چاہیے، بلکہ مساوات، محبت اور باہمی احترام کے ساتھ ہی ایک بہتر سماج کی تشکیل ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین رواداری اور باہمی ہم آہنگی کی تعلیم دیتا ہے اور ہر فرد کو آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ان کی حکومت کسی ایک مذہب کی خوشنودی کے لیے نہیں، بلکہ تمام مذاہب اور تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ چار لاکھ نو ہزار کروڑ روپے کے مجموعی ریاستی بجٹ میں مسلمانوں کے لیے 4500 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جو کوئی غیر معمولی رقم نہیں ہے بلکہ ان کا جائز حق ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی دولت پر سب کا یکساں حق ہے اور مساوی ترقی ہی سماجی ہم آہنگی کی بنیاد ہے۔سدارامیا نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد یہاں رہ جانے والے مسلمان بھی مکمل بھارتی شہری ہیں اور انہیں اسی حیثیت سے جینا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہندو، مسلمان، عیسائی سب کو بھائی چارے اور مساوات کے جذبے کے ساتھ جینا ہوگا تاکہ ایک مثالی معاشرہ قائم ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاستی حکومت آئین کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے اور کسی دباؤ یا تعصب کے تحت فیصلے نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا اصل مقصد آئین کے اغراض و مقاصد کی تکمیل ہے، اور جمہوریت و آئین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر سدارامیا نے اعلان کیا کہ منگلورو میں حج بھون کی تعمیر کا سنگ بنیاد 16 مئی کو رکھا جائے گا۔اسی طرح ضلع گلبرگہ میں بھی حج بھون کی تعمیر کے لیے وزیر ضمیر احمد خان سنگ بنیاد رکھیں گے۔ بنگلورو کے موجودہ حج بھون میں رہائش کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے مسلمانوں میں تعلیم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سچر کمیٹی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں میں شرح تعلیم تشویشناک حد تک کم ہے۔انہوں نے کہا کہ خود داری اور باوقار زندگی گزارنے کے لیے تعلیم حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ ہر مسلمان کو تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی اور سب کو مساوی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کرناٹک میں کسی کو بھی خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔اس موقع پر ریاستی وزراء ضمیر احمد خان ،رحیم خان ،کرشنا بایرے گوڈا، کے علاوہ منتخب نمائندوں میں ڈاکٹر ناصر حسین ،نصیر احمد ،سلیم احمد،بلقیس بانو ،عبدالجبار ، کنیز فاطمہ، ،اے سی سرینواس، کے علاوہ امیر شریعت مولانا صغیر احمد خان رشادی ،کے علاوہ مولانا مقصود عمران رشادی ، سابق وزیر آر روشن بیگ ، کے علاوہ متعدد دانشوران ، علمائے کرام ،منتخب نمائندے موجود رہے۔ قرأت ونعت ے جلسے کا آغاز ہوا۔محمد اعظم شاہد نے نظامت کی۔حج کمیٹی چیرمین ذوالفقارعلی ٹیپو نے استقبال کیا۔
Experienced journalist focused on global news, trends, and untold stories — with a commitment to accuracy and impact.
Post a Comment